Welcome To Qalm-e-Sindh

چھ ستمبر کو گڈو بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا ریلا متوقع ، وزیراعلیٰ سندھ نے خبردار کردیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ 6 ستمبر کو کسی بھی وقت گڈو بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کی آمد کی تیاری کرلی ہے، جو سپر فلڈ کی کیٹیگری میں آتا ہے۔

کراچی میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 11 لاکھ کیوسک پانی سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے تمام حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بیراج اور بند محفوظ رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ انہار پُراعتماد ہے کہ وہ پانی کو بیراجوں سے بحفاظت گزار لیں گے، جیسا کہ چند روز قبل 5.5 لاکھ کیوسک پانی گڈو بیراج سے کامیابی سے گزارا جا چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گڈو اور سکھر بیراج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ رائٹ بینک پر پانچ سے چھ مقامات پر بندوں میں شگاف پڑنے کا خدشہ ہے، جبکہ لیفٹ بینک پر شینک بند کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ 5 سے 7 لاکھ کیوسک پانی کی صورت میں کتنے دیہات متاثر ہو سکتے ہیں، اس کا مکمل ڈیٹا موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی اور نیوی سے معاونت حاصل کی گئی ہے۔ نیوی کی کشتیاں متعلقہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں جبکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں اور کیمپس بھی متاثرہ مقامات پر تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 4 ستمبر کی صبح تک یہ معلوم ہو جائے گا کہ پنجند پر کتنا پانی پہنچا ہے، جبکہ گڈو بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا ریلا 6 ستمبر کو کسی بھی وقت گزر سکتا ہے۔

Related Posts