Welcome To Qalm-e-Sindh

پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران انتہائی دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر عالمی سطح پر دباؤ تھا کہ بھارتی طیارے گرانے کے بعد مزید کارروائی نہ کی جائے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ آرمی چیف نے ایک اہم ملاقات میں کہا کہ اگر بھارت کو چمکتی مرسڈیز اور پاکستان کو بھرا ہوا ڈمپر سمجھا جائے تو تصادم کی صورت میں نقصان کس کا زیادہ ہوگا، یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ ان کے مطابق یہ مثال پاکستان کے دفاعی عزم اور قوتِ برداشت کی ترجمانی کرتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ جنگ کے دوران ہماری انٹیلیجنس ایجنسیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ دشمن جو بھی منصوبہ بندی کرتا، ہمیں اس کی بروقت اطلاع ہوجاتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، اور ان کی ویڈیوز ہمارے پاس محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے تمام میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ بھارتی افواج کی ہر حرکت پر ہماری نظر تھی، اور ہم نے ہر قدم پر محتاط مگر مؤثر ردِعمل دیا۔ ان کے مطابق، پاکستان کی افواج نے بھرپور تیاری اور نظم و ضبط کے ساتھ دشمن کے ارادوں کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس دوران ہماری افواج کے وہ اہلکار جو پسِ پردہ کام کر رہے تھے، ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہم نے اس وقت تک سرکاری سطح پر بھارتی طیارے گرانے کا اعلان نہیں کیا جب تک تمام ثبوت ہمارے ہاتھ نہیں آ گئے۔

مزید کہا کہ بھارت کے کئی اہم مقامات ہماری دسترس میں تھے اور ہم ان پر بآسانی حملہ کر سکتے تھے، لیکن پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ بھارت میں کچھ مخصوص عناصر اس کشیدگی کے پیچھے تھے، جو حالات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔

آخر میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس پورے مرحلے میں وزیراعظم اور عسکری قیادت نے یکجہتی کے ساتھ بہترین حکمت عملی اپنائی، اور آرمی چیف نے غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں بھی اس دوران مکمل اتحاد کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔

Related Posts