امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں مرکزی کردار ادا کیا، اور اس دوران پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت، خاص طور پر آرمی چیف کی کوششیں قابل تحسین رہیں۔
ٹرمپ نے کہا، “پاکستان کے لوگ بہت اچھے ہیں، یہ ایک ایٹمی ملک ہے اور میں پاکستان کو پسند کرتا ہوں۔ آرمی چیف ایک بااثر شخصیت ہیں جنہوں نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔”
ادھر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آج صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات بھی شیڈول ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ برطانوی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما ظہرانے پر ملاقات کریں گے، جس میں میڈیا کو رسائی نہیں دی جائے گی۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ ملاقات بھارت کے لیے پریشان کن ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی ثالثی کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ براہ راست مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔
ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور پاکستان کی عسکری قیادت کی عالمی سطح پر پذیرائی نے خطے میں نئی سفارتی ہلچل پیدا کر دی ہے۔














