وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ جرنلسٹ اور فنکاروں کو جلد صحت کارڈ فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ یہ اعلان انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ پنجاب کا تاریخی بجٹ ہے جس میں ترقیاتی کاموں کے لیے ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں فلم سٹی بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے جو مقامی فلم انڈسٹری کو فروغ دے گا اور فنکاروں کو نئی راہیں فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جرنلسٹوں کے لیے فیز 2 کے تحت سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا اور وزیراعلیٰ مریم نواز خود صحت کارڈز کے الاٹمنٹ لیٹرز فراہم کریں گی۔ علاوہ ازیں، پنجاب میں تھیٹر کی بحالی کے لیے بھی جلد ایک قانون پیش کیا جائے گا تاکہ ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے کم سے کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی ہے اور تمام وعدے پورے کیے جا رہے ہیں۔ ارشد انصاری نے بتایا کہ صحافیوں کے لیے 40 کروڑ روپے کے فیز 2 اور 1 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔














