Welcome To Qalm-e-Sindh

تہران پر حملے کا منہ توڑ جواب: ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیے

ایران نے تہران میں مختلف اہداف پر ہونے والے فضائی حملوں کے جواب میں اسرائیل پر براہ راست بیلسٹک میزائل داغ دیے، جس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی انتہائی سنگین صورت اختیار کر گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے بعد شمالی اور وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجنے لگے، اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی۔ دفاعی نظام نے متعدد میزائلوں کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا، تاہم زمینی نقصان کے بارے میں حتمی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ایرانی حملے سے چند گھنٹے قبل اسرائیل نے تہران میں کئی اہم اور عسکری نوعیت کے اہداف کو نشانہ بنایا۔ حملوں میں درجنوں جنگی طیارے شریک تھے جنہوں نے ایران کے ملٹری ڈھانچے، دفاعی نظام اور پاسدارانِ انقلاب سے منسلک تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق تہران کے وسطی علاقوں، خصوصاً پارلیمنٹ کے قریب شدید دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی، جبکہ شاہراہ طالقانی اور ولی عصر میدان کے اطراف بھی متعدد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ مزید یہ کہ تہران میں پولیس ہیڈکوارٹر پر کیے گئے ڈرون حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی صدر نے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی جانب سے حملے جاری رہے تو ایران کا ردعمل انتہائی شدید اور فیصلہ کن ہوگا، جس کے نتائج پورے خطے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسرائیل میں نافذ ایمرجنسی کو 30 جون تک بڑھا دیا گیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے کھلی فوجی کارروائیوں نے مشرقِ وسطیٰ کو ایک ممکنہ بڑی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، جہاں حالات کسی بھی وقت مزید بگڑ سکتے ہیں۔

Related Posts