Welcome To Qalm-e-Sindh

بجٹ غریب کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکا ہے: عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ دراصل “غریب کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکا ہے”۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے حکومت پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی منظوری کا عمل ہی غیر قانونی اور آئین کے خلاف تھا، اپوزیشن کو کوئی بجٹ دستاویز فراہم نہیں کی گئی، جبکہ عوام مہنگائی اور بےروزگاری کے طوفان میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کا بجٹ 17 فیصد بڑھا دیا گیا جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد اضافہ کر کے عوام کا مذاق اُڑایا گیا۔ ان کے بقول سرکاری ملازمین اسلام آباد کی سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، اور حکومت صرف اشرافیہ کو نوازنے میں مصروف ہے۔

عمر ایوب نے عدالتی نظام پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “جہاں جج اپوزیشن کی بات نہ سن سکیں، وہاں جمہوریت نہیں، صرف انتقام ہوتا ہے۔”انہوں نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں غیر انسانی حالات میں رکھا جا رہا ہے، خراب کھانا اور گندا پانی دیا جا رہا ہے، اور ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومتی انتقام کی سیاست سے عمران خان یا ان کے نظریے کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس سے تحریک مزید مضبوط ہوگی۔ “عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں، وقت آئے گا تو فیصلہ بھی وہی کریں گے۔”

Related Posts