پنجاب کے شہر بہاولپور میں کئی روز سے بھوکی پیاسی رہنے والی بزرگ خاتون بھوک کی شدت سے جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ ان کی بڑی بہن تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ لوہار والی گلی میں پیش آیا، جہاں اہلِ محلہ نے گھر سے بدبو محسوس ہونے پر اطلاع دی۔ امدادی ٹیم جب موقع پر پہنچی تو گھر کے اندر دو بزرگ خواتین بے ہوش حالت میں پائی گئیں، جن میں سے ایک خاتون جاں بحق ہو چکی تھیں۔
زیر علاج خاتون نے بتایا کہ وہ اور ان کی بہن کئی دنوں سے بھوکی تھیں اور ان کے پاس کھانے پینے کی کوئی چیز موجود نہیں تھی۔ اہلِ علاقہ کے مطابق دونوں بہنیں غیر شادی شدہ اور بے سہارا تھیں، اور ان کا واحد بھائی بھی کافی عرصے سے لاپتا ہے۔متاثرہ خواتین کے ہمسایوں کا کہنا ہے کہ دونوں بزرگ خواتین کسی سے مدد مانگنے کے بجائے خاموشی سے غربت اور فاقہ کشی برداشت کرتی رہیں۔خاتون کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی ہے، جبکہ دوسری بہن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے نے علاقے میں افسوس اور غم کی فضا قائم کر دی ہے۔