خیرپور: سندھ کے علاقے ببر لو میں نہروں کے متنازع منصوبے کے خلاف وکلا کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔ قومی شاہراہ پر وکلا کے احتجاج کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان ٹریفک معطل ہے جس سے ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کنٹینرز میں موجود سامان خراب ہونے کا خدشہ بھی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن نے وکلا کی کمیٹی سے مذاکرات کیے۔ وکلا نے کینال منصوبے کی منسوخی کے حکم کے بغیر مذاکرات سے انکار کر دیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نثار کھوڑو اور خورشید شاہ نے بھی وکلا سے ملاقات کی اور انہیں پی پی کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ وکلا نے کہا کہ کمیٹی کے فیصلے سے پیپلز پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
دھرنے کے باعث ببر لو بائی پاس سمیت نواب شاہ، حیدرآباد، لاڑکانہ، مٹیاری، گھوٹکی، نوشہروفیروز، عمرکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی احتجاج جاری ہے۔ وکلا نے سندھ بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے جبکہ خواتین وکلا نے سندھ ہائی کورٹ سے کراچی پریس کلب تک ریلی بھی نکالی۔