صحرائے تھر کے علاقے رن آف کچھ میں پہلی بار منعقد ہونے والی 3 روزہ تھر ڈیزرٹ جیپ ریلی کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا۔ محکمۂ کھیل سندھ کی جانب سے منعقدہ اس ایونٹ میں جہاں سنسنی خیز رفتار کے مقابلے ہو رہے ہیں، وہیں ریسرز نے اپنی گاڑیوں پر “No More Canals” کے بینرز لگا کر دریائے سندھ سے مجوزہ چھ نہروں کے منصوبے پر احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔ریلی کے پہلے روز 2 کلومیٹر طویل ٹریک پر ابتدائی مقابلے منعقد ہوئے جن میں ملک بھر سے آئے ہوئے 60 مرد اور 3 خواتین ریسرز نے حصہ لیا۔ کل اسٹار کیٹیگری کے مقابلے ہوں گے، جبکہ پری پیئرڈ کیٹیگری کے لیے 100 کلومیٹر طویل ٹریک تیار کیا گیا ہے، جس پر ریسرز فائنل راؤنڈ میں بھرپور ایکشن دکھائیں گے۔اس ایونٹ کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے شائقین بڑی تعداد میں تھر پہنچے ہیں، اور ریگستانی ماحول میں منعقد ہونے والا یہ ایونٹ نہ صرف ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے دلچسپی کا باعث ہے بلکہ ماحول اور وسائل کے تحفظ کے لیے اٹھائی گئی آواز کی بھی عکاسی کرتا ہے۔