اسلام آباد: وفاقی حکومت نے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے اور بعد ازاں مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے ہزاروں پاکستانیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جہاں انہیں بریفنگ دی گئی کہ اب تک 53 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جا چکے ہیں۔وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق نئی شرائط پر جلد از جلد قانونی کارروائی مکمل کی جائے، تاکہ آئندہ غیر قانونی امیگریشن، مجرمانہ سرگرمیوں اور پیشہ ور بھکاریوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے خلاف 100 فیصد کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار، اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی بھی شریک تھے۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اُبھرے گا اور دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔