پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات، شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی صورت دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گی اور اس حوالے سے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔شازیہ مری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے حوالے سے قرارداد کو ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر احتجاج ریکارڈ کروایا اور اس کی مخالفت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 7 اپریل کو پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے خلاف قرارداد جمع کروائی تھی۔پی پی رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں پانی کی تقسیم 1991ء کے معاہدے کے مطابق ہونی چاہیے، اور یہ معاملہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے جدوجہد کی ہے۔شازیہ مری نے بتایا کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی جبکہ تحریکِ انصاف نے ایوان میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس تجویز کی مخالفت کی تھی اور اسے وفاقی اکائیوں کے خلاف قرار دیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے 7 اپریل کو نہروں کی نقصان دہ تجویز کے خلاف مؤقف اختیار کیا، اور اس پر مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کی۔شازیہ مری نے تحریکِ انصاف کے اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا غیر ذمے دارانہ رویہ افسوسناک تھا اور ان کے اراکین نے بحث میں مسلسل خلل ڈالا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی حکومت کے دوران دریائے سندھ پر دو نہروں کی منظوری دی گئی تھی، جس پر پیپلز پارٹی نے شدید مخالفت کی تھی۔ اگر تحریکِ انصاف آج اپنی پچھلی غلطی کا ازالہ کرنا چاہتی ہے تو وہ پیپلز پارٹی کی قرارداد کی حمایت کرے۔