وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی عیاری نہیں چلی اور پنجاب بھر میں ہڑتال کی کال کو عوام نے مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں زیرو ہڑتال، زیرو شٹر ڈاؤن اور زیرو پہیہ جام رہا۔
لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو سراہا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں بسنت کی بحالی سے ثقافت دوبارہ زندہ ہوئی اور ملک بھر سے لوگ بسنت منانے لاہور آئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق بسنت کے موقع پر عوام کی جانب سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، تاہم بدقسمتی سے چند واقعات پیش آئے جن میں لوگ چھتوں سے گرے۔ انہوں نے کہا کہ جن گھروں کی چھتوں پر کنکریٹ کی دیوار موجود نہیں، وہاں عارضی حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعات انفرادی غلطیوں کے باعث پیش آئے، خوش آئند بات یہ ہے کہ ایک بھی موت گلا کٹنے سے نہیں ہوئی، جبکہ ماضی میں بسنت کو خونی بسنت کہا جاتا تھا اور لوگوں کے گلے کٹتے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ کل ہڑتال کی ایک کال دی گئی تھی، تاہم پنجاب کے کسی بھی شہر میں ہڑتال نہیں ہوئی۔ عوام نے منفی رویوں، گالم گلوچ اور انتشار کو یکسر مسترد کر دیا اور انتشاری و فسادی عناصر کی ہڑتال کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ اتوار کے روز عموماً دکانیں بند ہوتی ہیں، اس کے باوجود پنجاب میں زیرو ہڑتال، زیرو شٹر ڈاؤن اور زیرو پہیہ جام رہا۔ عوام نے فتنہ و فساد کے کلچر کو مسترد کر دیا اور ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی کی عیاری اب نہیں چلتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ارب پتیوں کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال درحقیقت غریب عوام کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی، تاہم یہ خوش آئند امر ہے کہ عوام نے بدتمیزی اور انتشار کے کلچر کو مسترد کر دیا۔














