لاہور: بسنت کے موقع پر اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت اور امنِ عامہ میں خلل سے بچاؤ کے لیے مختلف پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات یا کسی بھی مذہبی شخصیت کی تصاویر لگانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے کی تصاویر والی پتنگوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ مذہبی یا سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
البتہ بغیر کسی تصویر کے یک رنگی یا کثیر رنگی پتنگ یا گُڈّا استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دھاتی تار اور نائلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ لاہور میں بسنت کے دوران موٹر سائیکل سواروں کے لیے سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت قانونی کارروائی کریں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق شہر میں صرف قانون کے مطابق پتنگ بازی کا سامان داخل ہونے کی اجازت ہوگی، جبکہ ممنوعہ سامان فوری طور پر ضبط کر لیا جائے گا۔














