اگر کسی ملک کے نیشنل پاور گرڈ میں خرابی پیدا ہو جائے تو عام طور پر بجلی کی بحالی میں گھنٹوں، اور بعض اوقات دنوں لگ جاتے ہیں۔ تاہم چین نے ایک جدید اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے جو بلیک آؤٹ کو ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ جدید گرڈ پروٹیکشن ٹیکنالوجی پاور گرڈ میں پیدا ہونے والی خرابیوں کو فوری طور پر الگ کرکے صرف ایک سیکنڈ کے دسویں حصے میں بجلی کی فراہمی بحال کر دیتی ہے، جبکہ روایتی نظام میں اس عمل کے لیے کئی گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ ٹیکنالوجی نہایت کم وقت میں مائیکرو فالٹس کی نشاندہی کر کے انہیں درست کر دیتی ہے، جس سے بجلی کی ترسیل زیادہ محفوظ اور مستحکم ہو جاتی ہے۔
یہ ٹیکنالوجی چین بھر میں استعمال کی جائے گی جبکہ اسے 12 دیگر ممالک کو برآمد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس نظام کو چائنا پاور ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے تیار کیا ہے جو اسٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا سے منسلک ادارہ ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جدید دور میں روایتی پاور گرڈز کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ اب بجلی ونڈ فارمز اور سولر پلانٹس جیسے غیر مستحکم ذرائع سے بھی حاصل کی جا رہی ہے، جن میں خرابیوں کی نشاندہی اور فوری درستگی مشکل ہو جاتی ہے۔
اسی مسئلے کے حل کے لیے چین میں ایسا نظام تیار کیا گیا ہے جو بلیک آؤٹ کی صورت میں فوری ردعمل دیتا ہے۔ اس سے قبل 2022 میں چین نے ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام متعارف کرایا تھا جو بجلی کی سپلائی 3 سیکنڈ میں بحال کر سکتا تھا، تاہم نیا نظام اس سے بھی زیادہ تیز رفتار ہے۔
اس ٹیکنالوجی کو تیار کرنے والی ٹیم نے ایسا نظام بنایا ہے جو ونڈ اور سولر جیسے ناقابل پیشگوئی ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی میں توازن پیدا کرتا ہے، پیچیدہ گرڈز میں اس کی مؤثر ترسیل یقینی بناتا ہے اور خرابی کی صورت میں فوری بحالی ممکن بناتا ہے۔
واضح رہے کہ چین کا پاور گرڈ سسٹم دنیا کا سب سے بڑا نظام ہے، جو امریکا کے مقابلے میں دوگنا زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے۔














