وفاقی حکومت کے نومبر 2025 کے قرض سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق وفاقی حکومت نے نومبر 2025 کے دوران 573 ارب روپے کا نیا قرض حاصل کیا، جس کے بعد حکومت کا مجموعی قرض بڑھ کر 77 ہزار 543 ارب روپے ہو گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ نومبر کے مہینے میں حکومت نے مقامی سطح سے 653 ارب روپے قرض لیا، جبکہ اسی دوران بیرونی قرضوں کی مد میں 79 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران مجموعی طور پر حکومت کا قرض 345 ارب روپے کم ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے نومبر 2025 کے عرصے میں حکومت کا بیرونی قرض 492 ارب روپے کم ہوا، جبکہ اسی مدت کے دوران مقامی قرض میں 147 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔














