Welcome To Qalm-e-Sindh

لانڈھی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران رکشے میں سوار 17 سالہ طالبہ جاں بحق

کراچی کے علاقے لانڈھی میں چلتے رکشے میں بیٹھی 17 سالہ لڑکی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

متوفیہ کی شناخت کومل کے نام سے ہوئی جو گیارہویں جماعت کی طالبہ تھی۔ وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ رکشے میں سوار ہو کر کزن کے گھر سے واپس آرہی تھی کہ چراغ ہوٹل کے قریب پیش آنے والے پولیس مقابلے کی زد میں آگئی۔ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کومل کو لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق اسی دوران کچھ فاصلے پر، کورنگی نمبر 6 عوامی کالونی تھانے کی حدود میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

زخمی ملزم کی شناخت مولابخش کے نام سے ہوئی۔ واقعے کے فوراً بعد فائرنگ کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی۔

ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او لانڈھی فائزہ سوڈھر کی سربراہی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

Related Posts