سالِ نو کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں بچیاں اور خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 56 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی، گولیمار، فائیو اسٹار، نیو سبزی منڈی سمیت دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے باعث شہری زخمی ہوئے۔
ادھر حیدرآباد میں سالِ نو کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جبکہ نواب شاہ میں 2 افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ سالِ نو کے موقع پر محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے پولیس کی جانب سے ڈرون کیمروں کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد، شریف آباد، عزیزآباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ڈرون کیمرے اڑائے گئے، جن کے ذریعے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی ویڈیوز ریکارڈ کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ایسے واقعات کی مؤثر نگرانی اور بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔














