Welcome To Qalm-e-Sindh

سندھ کے صحت کے نظام کا مقابلہ عالمی معیار سے ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے صحت کے نظام کا مقابلہ صوبوں سے نہیں بلکہ عالمی سطح پر کیا جانا چاہیے، اور اس معیار کی سہولیات دیگر بڑے شہروں میں بھی موجود نہیں ہیں۔

کراچی میں انڈس یونیورسٹی اسپتال کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ “روٹی، کپڑا اور مکان” محض نعرہ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کو عملی سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج کے معاملے میں زبان، مذہب یا علاقے کی بنیاد پر کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں قائم صحت کا نظام صوبائی نہیں بلکہ عالمی معیار کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں مفت علاج کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے، جسے ضلعی سطح تک مزید وسعت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں ایک مربوط نیٹ ورک قائم کیا ہے، جس کے ثمرات پسماندہ علاقوں تک پہنچ رہے ہیں۔ قمبر شہدادکوٹ اور بلوچستان کے قریبی علاقوں سمیت گمبٹ جیسے مقامات پر بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ انڈس جیسے اداروں کی موجودگی میں عوام کو معیاری علاج ممکن ہو سکا ہے۔

Related Posts