اسلام آباد: حکومت نے ملک میں جلد 5 جی سروسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر آئی ٹی شزافاطمہ نے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں 5 جی سروسز متعارف کرانے کے تمام مراحل آئندہ 4 سے 6 ماہ میں مکمل کر لیے جائیں گے۔
وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پورے ڈیجیٹل نظام کی بنیاد ہے، اور حکومت نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری لائے گی بلکہ اس کی رسائی کو بھی مزید وسعت دی جائے گی۔
شزافاطمہ نے بتایا کہ حکومت 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی کی تیاری کر رہی ہے، اور کوشش ہے کہ فروری 2026 کے پہلے ہفتے میں اسپیکٹرم آکشن کا عمل مکمل کر لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کو جلد کابینہ میں پیش کیا جائے گا، جبکہ ٹیلی کام سیکٹر سمیت تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔














