کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث ایک بزرگ شہری نالے میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کورنگی کبڈی گراؤنڈ کے قریب پیش آیا، جہاں بزرگ شہری اندھیرے کے باعث نالے میں گر گئے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی سائیکل پر سامان لادے پیدل جا رہے تھے کہ اچانک حادثے کا شکار ہو گئے۔ واقعہ گزشتہ شام تقریباً ساڑھے 6 بجے پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت کالے خاں کے نام سے ہوئی ہے، جو زمان ٹاؤن سیکٹر 34 تھری کے رہائشی تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نالے کے اطراف حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کالے خاں کرائے کے مکان میں اپنے بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ ان کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے جبکہ تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نابینا اور خصوصی بچوں کے سینٹر اور اسکول کے سامنے موجود نالے پر حفاظتی دیوار نہ ہونے کے حوالے سے متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات کی گئیں، تاہم تاحال صفائی اور حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔














