Welcome To Qalm-e-Sindh

بھارت اور افغانستان کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، سڈنی حملے سے جوڑے گئے بے گناہ پاکستانی نوجوان کی ویڈیو سامنے آ گئی

بھارت اور افغانستان کا پروپیگنڈا بے نقاب، سڈنی حملے سے جوڑے گئے بے گناہ پاکستانی نوجوان کی ویڈیو سامنے آ گئی

بھارت اور افغانستان کی جانب سے سڈنی میں فائرنگ کے واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی منظم کوشش سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک بے گناہ پاکستانی نوجوان کو حملہ آور قرار دے کر پروپیگنڈا کیا گیا۔

بھارتی اور افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے سڈنی کے رہائشی پاکستانی نوجوان نوید اکرم کی تصویر استعمال کرتے ہوئے انہیں حملے سے جوڑنے کی کوشش کی۔ تاہم نوید اکرم نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا۔

ویڈیو بیان میں نوید اکرم کا کہنا تھا کہ ان کا دہشت گردی کے کسی واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور ان کی تصویر استعمال کر کے بے بنیاد الزامات پھیلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروپیگنڈے سے ان کی جان اور ساکھ کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

نوید اکرم نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اس جھوٹے پروپیگنڈے کو پھیلانے سے گریز کیا جائے اور حقائق کو سامنے لایا جائے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحلی علاقے میں مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کو دہشت گردی قرار دیا گیا ہے اور حملہ آور باپ بیٹا تھے، جبکہ مزید ملزمان کی تلاش کا عمل ختم کر دیا گیا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق واقعے کے دوران ایک بہادر شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک حملہ آور کو قابو کیا اور اس سے اسلحہ چھین کر کئی قیمتی جانیں بچائیں۔ اس شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو سڈنی میں پھل فروش ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش میں احمد ال احمد کے بازو پر دو گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق وہ خطرے سے باہر ہیں اور زیر علاج ہیں۔

Related Posts