Welcome To Qalm-e-Sindh

ملک مخالف سوشل میڈیا ٹرینڈز میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈز کا حصہ بننے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں جبکہ کچھ عناصر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادیٔ اظہارِ رائے پر یقین رکھتی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر ملکی اداروں کے خلاف منظم اور مذموم مہم چلائی جا رہی ہے، اور ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ملکی اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور اس کے کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مواقع پر کالعدم دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کے حق میں بھی ٹرینڈز بنائے جاتے ہیں۔

طلال چوہدری کے مطابق ایک ایک پیغام کے عوض پیسے وصول کیے جاتے ہیں، ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز کی باقاعدہ قیمت مقرر کی جاتی ہے اور لوگ سوشل میڈیا ٹرینڈز بنا کر مالی فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی اکاؤنٹس کے ٹرینڈز بیرون ملک بیٹھی کمپنیاں چلاتی ہیں جو بعد میں اکاؤنٹس کے نام بھی تبدیل کر لیتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی فرد ملک کے خلاف ٹرینڈز کا حصہ بنتا ہے تو اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Related Posts