راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کے نوٹیفکیشن پر پروپیگنڈا کیا گیا اور اس پر جھوٹ کا سیلاب تھا۔
ترجمان پاک فوج نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سی ڈی ایف نوٹیفکیشن پر فیک نیوز پھیلانے والوں کو پیغام دیتے ہیں کہ “یہ کونسی سیاست ہے؟ یہ کہاں کی آزادی اظہار رائے ہے؟ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اپنی سیاست سے دور رکھو۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اصل بیانیہ ذہنی مریض دیتا ہے اور افغانستان اور بھارت سے چلنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اس بیانیے کو بڑھاوا دیتے ہیں، جبکہ بھارتی میڈیا بھی ان ٹویٹس اور بیانیے کو مزید پھیلاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال کیا کہ پاکستان کے اتنے اہم مسائل پر بات کیوں نہیں ہوتی اور کہا کہ ان کے پاس ایک صوبے کی حکومت ہے، اس کے بارے میں بھی تو بات کریں۔
واضح رہے کہ وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
گزشتہ روز صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کی سفارش پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔














