Welcome To Qalm-e-Sindh

اڈیالہ جیل کے باہر روزانہ کا تماشا نہیں ہوگا، ، آج سے عظمیٰ خان کی ملاقات بھی بند: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں، اور آج سے عظمیٰ خان کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں جیل کے باہر بارہا قانون کی خلاف ورزی اور نظم و ضبط کی صورتحال خراب کرتی رہی ہیں۔ جن افراد نے قواعد کی خلاف ورزی کی، ان سب کی ملاقاتیں منقطع کر دی گئی ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ جیل قانون پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ اندر ملاقاتیں کر کے باہر آکر پروپیگنڈا کیا جائے۔ عظمیٰ خان نے باہر آکر کہا کہ بانی پی ٹی آئی غصے میں تھے اور فرسٹریشن میں تھے۔ ہم بھی ملاقاتوں کے لیے جیل جاتے رہے، مگر کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا، نہ ہی ماحول خراب کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے معاملے میں قانون شکنی کرنے والوں کو اب ملاقات کی اجازت نہیں ہو سکتی۔ روز روز اڈیالہ کے باہر تماشا نہیں لگنے دیا جائے گا۔ ملاقاتوں کا مقصد حال احوال معلوم کرنا ہوتا ہے، نہ کہ ریاست کے خلاف بیانیہ بنانا۔ آپ ایسی ریاست کو گرانے کی بات کرتے ہیں جس نے ہمیشہ ملکی دفاع کو مضبوط رکھا ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر جیل کے باہر دوبارہ کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی یا نظم و ضبط کی صورتحال پیدا کی تو سخت کارروائی ہوگی۔ ریاست کی رٹ قائم کی جائے گی اور کسی بھی خلاف ورزی کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں اور اپنی سزا کاٹ رہے ہیں، اور پاکستان کی تاریخ میں کسی قیدی کو ایسی غیر معمولی سہولیات نہیں دی گئیں، حتیٰ کہ جاگنگ مشین تک فراہم کی گئی۔

Related Posts