صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے ارسال کردہ سمری کی منظوری کے بعد صدرِ مملکت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز پانچ سال کی مدت کے لیے تعیناتی کی توثیق کی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی منظور کرلی گئی ہے، جو 19 مارچ 2026 سے مؤثر ہوگی۔
صدرِ مملکت نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور ایئرچیف کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے اور یہ منصب وہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ذمہ داریوں کے ساتھ ادا کریں گے۔














