کراچی میں کھلے مین ہول کے سبب 3 سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعے نے شہریوں سمیت شوبز شخصیات کو بھی شدید غمگین اور برہم کر دیا ہے۔ اتوار کے روز گلشنِ اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش تقریباً 14 گھنٹے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے برآمد ہوئی تھی۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد شہریوں نے متعلقہ حکام پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ شہر میں مین ہولز پر ڈھکن کیوں ان نہ لگائے جا سکے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔
اسی سلسلے میں اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے بھی اپنی آواز بلند کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے لکھا: “یہ ڈھکن گٹر پر نہیں، کرپشن پر لگانا ہوگا، پاکستان زندہ باد“۔
اس سے قبل اداکارہ ماہرہ خان نے بھی بچے کی ہلاکت اور والدہ کی بے بسی کی ویڈیو پر گہرے غم اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال کراچی میں اب تک 5 بچوں سمیت 24 شہری کھلے نالوں اور گٹروں میں گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے اب تک ایسا مؤثر نظام تشکیل نہیں دے سکے جو ان المناک واقعات کی روک تھام کو یقینی بنا سکے۔














