جیل ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں مکمل طور پر صحت مند اور محفوظ ہیں، اور جیل میں داخل ہونے والے ہر شخص کی ان سے جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کرائی جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ہفتے میں ایک بار بشریٰ بی بی سے باقاعدہ ملاقات کرائی جاتی ہے، جبکہ اڈیالہ جیل میں ایک بیرک کے چھ کمرے ان کے زیرِ استعمال ہیں۔ ان کمروں میں ٹی وی اور اخبارات کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ عمران خان کو ہفتے میں ایک مرتبہ باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہے، اور اس میں زیادہ تر دیسی مرغی اور مچھلی منگوائی جاتی ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان سے ہونے والی تمام ملاقاتیں مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت ہوتی ہیں، اور اڈیالہ جیل کی حدود میں آنے والے ہر شخص کو ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔ تاہم، جیل حدود سے باہر کے معاملات کی ذمہ داری جیل انتظامیہ پر عائد نہیں ہوتی۔














