بھارتی اداکارہ کرشمہ شرما چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کے باعث شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اداکارہ نے واقعے کی تفصیلات اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کیں، جہاں انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔ کرشمہ کے مطابق، وہ ساڑھی پہن کر ممبئی کے چرچ گیٹ اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوئیں تاکہ شوٹنگ پر جا سکیں، لیکن جیسے ہی ٹرین نے رفتار پکڑی، انہیں احساس ہوا کہ ان کے دوست ٹرین پر سوار نہیں ہو سکے اور پلیٹ فارم پر ہی رہ گئے۔
خوف اور گھبراہٹ کے باعث انہوں نے ٹرین سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ کمر کے بل زمین پر گریں اور ان کے سر پر شدید چوٹ آئی۔
اداکارہ نے اس واقعے کو اپنی زندگی کا “انتہائی تکلیف دہ لمحہ” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سر پر سوجن، کمر میں درد اور جسم پر متعدد خراشیں آئی ہیں۔ ڈاکٹروں نے مکمل طبی معائنے اور ایم آر آئی کا مشورہ دیا ہے، اور فی الحال وہ ایک دن کے لیے اسپتال میں زیرِ نگرانی ہیں۔
کرشمہ شرما بالی وڈ فلموں ’پیار کا پنچنامہ‘، ’سپر 30‘، ’ایک ولن ریٹرنز‘ اور ویب سیریز ’راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز‘ سمیت کئی پروجیکٹس میں کام کر چکی ہیں، اور متعدد ٹی وی ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔














