پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات اور متاثرہ علاقوں میں اب تک 97 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار 500 سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں طغیانی کے باعث 2,334 دیہات متاثر ہوئے، دریائے ستلج سے 672 دیہات اور دریائے راوی سے 1,482 مواضعات متاثر ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 44 لاکھ 98 ہزار افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 24 لاکھ 51 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ اضلاع میں 396 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، طبی سہولیات اور عارضی رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، 19 لاکھ 1 ہزار مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ زرعی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
ریلیف کمشنر کے مطابق، صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ممکنہ مزید نقصانات سے بچنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔














