Welcome To Qalm-e-Sindh

پاکستان کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے 105 ٹن امدادی سامان روانہ

پاکستان نے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔

امدادی سامان کی روانگی کی تقریب اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ویئر ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر کھیل داس کوہستانی، این ڈی ایم اے اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیرِاعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی فوری مدد کے لیے یہ امدادی سامان تیار کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، 105 ٹن پر مشتمل امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں۔

یہ امدادی سامان 40 فٹ لمبے کنٹینرز والے پانچ ٹرکوں کے ذریعے طورخم بارڈر کے راستے افغانستان بھیجا جا رہا ہے، جہاں یہ مقامی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسری جانب نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ نے افغان وزیرِ خارجہ امیر متقی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں اتوار کی شب آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 1400 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ زلزلے نے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے بعد بین الاقوامی سطح پر امداد کی اپیل کی گئی ہے۔

Related Posts