Welcome To Qalm-e-Sindh

66 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے والا دنیا کا تیز ترین کوڑا دان تیار

کچرے کے ڈبے عام طور پر اپنی جگہ موجود رہتے ہیں تاکہ لوگ ان میں کچرا ڈال سکیں، مگر برطانیہ کے ایک محقق مائیکل وال ہیڈ نے ایسا انوکھا کوڑا دان تیار کیا ہے جو دوڑنے میں دنیا بھر میں سب سے تیز قرار دیا گیا ہے۔

پہیوں سے لیس اس موٹرائزڈ کوڑے دان نے 66 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ مائیکل وال ہیڈ اس سے قبل بھی 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے والے کوڑے دان کا عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔

مائیکل وال ہیڈ کے مطابق وہ اس موٹرائزڈ کوڑے دان پر مسلسل کام کر رہے ہیں، جسے انہوں نے “جنرل ویسٹ” کا نام دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے انہوں نے 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا ریکارڈ بنایا اور اب اسے مزید بہتر بنا کر 66 میل فی گھنٹہ تک پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنرل ویسٹ کی تیاری کا خیال اینڈی جیننگ سے متاثر ہو کر آیا، جنہوں نے 2020 میں 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ان کے مطابق اینڈی کے بعد انہوں نے خود ایسا کوڑا دان تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

مائیکل وال ہیڈ نے بتایا کہ انہوں نے پہیوں والا کوڑا دان آن لائن 25 ڈالر میں خریدا اور تقریباً 900 ڈالر خرچ کر کے اس میں مختلف تکنیکی تبدیلیاں کیں، جن میں 125 سی سی ٹو اسٹروک انجن کی تنصیب، وہیلز کی بہتری اور دیگر متعدد تبدیلیاں شامل ہیں۔

Related Posts