وزیراعظم شہباز شریف نے 27 ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کے عہدے کے لیے استثنیٰ کی شق واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان سے واپسی پر انہیں اطلاع ملی کہ پارٹی کے چند سینیٹرز نے وزیراعظم کے استثنیٰ سے متعلق ترمیمی شق سینیٹ میں پیش کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ شق کابینہ سے منظور شدہ مسودے میں شامل نہیں تھی، اس لیے انہوں نے اسے واپس لینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم یقینی طور پر قانون اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ گزشتہ روز سینیٹ میں پیش کیا گیا تھا، جس میں صدر پاکستان کے لیے تاحیات استثنیٰ کی درخواست شامل تھی۔ اس خبر کے بعد یہ اطلاع بھی سامنے آئی تھی کہ آئین کے آرٹیکل 248 میں صدر کے ساتھ وزیر اعظم کا لفظ بھی شامل کیا جا سکتا ہے، تاہم وزیراعظم کے اقدام سے یہ شق واپس لے لی گئی ہے














