Welcome To Qalm-e-Sindh

27ویں آئینی ترمیم: حکومت نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت تیز کردی

حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی لاتے ہوئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیوایم پاکستان، پاکستان مسلم لیگ (ق) اور استحکام پاکستان پارٹی کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ایم کیوایم پاکستان کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے وفد کو 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور یقین دہانی کرائی کہ بلدیاتی نظام سے متعلق ایم کیوایم کے آئینی تجاویز کو ترمیمی مسودے میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) ایم کیوایم کے مجوزہ بلدیاتی ترمیمی نکات کی حمایت کرے گی۔

اسی طرح علیم خان کی قیادت میں استحکام پاکستان پارٹی کے وفد اور (ق) لیگ کے وفد، جس کی سربراہی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کی، نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور آئینی ترمیم کے نکات پر اپنی تجاویز پیش کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس ماہ کے دوران 27ویں آئینی ترمیم کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

Related Posts