معروف پاکستانی ماہرِ علمِ نجوم سامعہ خان نے ایک بار پھر سال 2026 کے حوالے سے اہم سیاسی اور قومی پیشگوئیاں کی ہیں۔
گفتگو کے دوران سامعہ خان نے کہا کہ وہ پہلے ہی یہ پیشگوئی کر چکی تھیں کہ 15 مئی 2025 وہ تاریخ ہوگی جہاں سے پاکستان کا رخ تبدیل ہوگا۔ ان کے مطابق اسی دن سے وہ پاکستان ابھرنا شروع ہوا جس کا خواب بزرگوں نے دیکھا تھا، اور ملک عالمی طاقتوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا، جیسا کہ انہوں نے پہلے کہا تھا۔
سامعہ خان کا کہنا تھا کہ جو نیا پاکستان اس وقت سامنے آ رہا ہے، نئے سال میں اس کی رفتار میں کوئی کمی نہیں آئے گی بلکہ 2026 میں پاکستان مزید ترقی کرے گا اور اس کی پیش رفت جاری رہے گی۔
موجودہ حکومت کے مستقبل سے متعلق سوال پر سامعہ خان نے کہا کہ ملک میں ایک نیا نظام ابھرنے جا رہا ہے، جس کی بنیاد اسی نئے سال میں رکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تین سیاسی شخصیات ایسی ہیں جن کا سیاسی ستارہ مضبوط اور مستحکم دکھائی دیتا ہے، جن میں شہباز شریف بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی بڑی پیش رفت ہوئی تو وہ باہمی مفاہمت کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے سامعہ خان نے کہا کہ ان کی سیاسی تربیت شاندار رہی ہے، تاہم وہ انہیں سیاست میں زیادہ طویل عرصے تک متحرک نہیں دیکھ رہیں۔ البتہ ان کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری وہ شخصیت ہیں جو بے نظیر بھٹو کی سیاسی لیگیسی کو آگے بڑھا سکتی ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے حوالے سے سامعہ خان نے کہا کہ جنوری اور فروری کے دوسرے ہفتے تک کسی ڈیل کے امکانات موجود ہیں، تاہم اس کے بعد معاملات مشکل ہو سکتے ہیں۔














