Welcome To Qalm-e-Sindh

16سال کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کی گرفتاری روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے بچوں کو ہتھکڑی لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

پنجاب میں 16 سال کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان جاری ہوگا۔

پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام، خصوصاً طلبہ کے لیے ہفتہ آگاہی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک کی نگرانی کے لیے پہلی بار ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کم عمر ڈرائیونگ کے معاملے میں والدین کا کردار سب سے اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے بنائے جاتے ہیں اور اس سلسلے میں ہر فرد کو اپنی عادتوں میں بہتری لانی ہوگی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بچوں کا قصور نہیں، ہم نے انہیں روڈ سیفٹی کی اہمیت نہیں سکھائی، والدین بچوں کو ہیلمٹ پہننے کی ضرورت اور فائدے سے ضرور آگاہ کریں۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عوام سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آیا جائے اور لوگوں کی عزتِ نفس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کم عمر ڈرائیورز کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کم عمر افراد کے خلاف کارروائی سے پہلے آگاہی مہم چلائی جائے اور پہلے مرحلے میں صرف وارننگ دی جائے۔ غلطی دہرانے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی اجازت ہوگی۔

Related Posts