Welcome To Qalm-e-Sindh

یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے 75 روپے کا یادگاری سکّہ جاری

اسٹیٹ بینک نے جشنِ معرکہ حق کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کر دیا ہے۔ یہ اقدام وفاقی حکومت کی جانب سے مسلح افواج کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور یومِ آزادی کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔ سکّے کا وزن 13.5 گرام اور قطر 30 ملی میٹر ہے۔ اس کی تیاری میں 79 فیصد تانبہ، 20 فیصد زنک اور ایک فیصد نکل استعمال کیا گیا ہے۔ سکے کے سامنے والے رخ پر وسط میں شمال مغرب کی سمت بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں والا ستارہ کندہ ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ اردو میں “اسلامی جمہوریہ پاکستان” تحریر ہے۔ چاند کے نیچے، گندم کی دو خمیدہ بالیوں کے درمیان، اجرا کا سال 2025 درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب جلی انداز میں “75” اور اردو میں “روپیہ” لکھا گیا ہے۔

سکے کے پچھلے رخ پر درمیان میں اردو میں “معرکہ حق” اور “2025” درج ہے، جب کہ بالائی کنارے پر “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے الفاظ نمایاں ہیں۔ پچھلے رخ پر ہی دائیں اور بائیں جانب دو لڑاکا طیارے، ایک بحری جہاز اور ملٹی پل راکٹ لانچر سسٹم کی تصاویر ابھری ہوئی شکل میں دی گئی ہیں، جو معرکہ حق میں پاکستان کی عسکری قوت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

یہ یادگاری سکّہ اسٹیٹ بینک کی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر میں 15 اگست 2025 سے ایکسچینج کاؤنٹرز پر دستیاب ہے۔

Related Posts