پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں عمران خان کی جلد رہائی کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ “ہمیں معلوم ہے عمران خان نے تحریک سے متعلق کیا کہا ہے، اور پارٹی قیادت کس لائن پر ہے، لیکن ریاستی رکاوٹیں اب بھی مکمل طور پر حائل ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ عمران خان تحریک کے لیے مکمل طور پر تیار اور مطمئن ہیں، مگر عدالتوں اور نظام انصاف پر دباؤ واضح ہے۔ “ججز پر دباؤ ہے، ہم ان سے یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مگر لگتا ہے یہ بھی کافی نہیں پڑ رہا۔”علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ “تمام دروازے بند کر دیے گئے ہیں، اور اب پی ٹی آئی قیادت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کون سا عملی لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔”ان کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے جیسے حکومت نے عمران خان کو مزید کئی ماہ قید رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔