Welcome To Qalm-e-Sindh

ہمارا کام خود بولتا ہے، کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں: شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور حکومت کا عملی کام خود اس کی گواہی دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بلدیاتی اداروں کو سب سے زیادہ بااختیار بنانے کا فیصلہ بھی پیپلزپارٹی نے کیا۔

ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ دیگر صوبوں کی مثالیں دینے والوں کو یہ حقیقت بھی دیکھنی چاہیے کہ بعض صوبوں میں اب تک بلدیاتی انتخابات تک نہیں کرائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ جماعتیں بہت زیادہ اعتراضات اٹھاتی ہیں تو وہ چاہیں تو لاہور کا بلدیاتی نظام کراچی میں نافذ کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ہم آہنگی، ترقی اور سماجی بہتری کے کام جاری ہیں، مگر بعض سیاسی رویوں نے اس عمل میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری متعدد ترقیاتی منصوبوں کے باوجود مخصوص سیاسی جماعتیں ان منصوبوں کی راہ میں مشکلات ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

سینئر وزیر کے مطابق حکومت کے عملی اقدامات سب کے سامنے ہیں۔ اگر ماضی میں تعلیم، صحت اور پانی کے نظام پر بھرپور توجہ دی جاتی تو آج تنقید کی نوبت نہ آتی۔

Related Posts