پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمان نے سندھ کے پانی کے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارا جینا اور مرنا سندھ کے پانی اور انہی مسائل سے جڑا ہے”۔
سینیٹ اجلاس میں خطاب اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ 8 ماہ سے اٹھا رہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ “ہمیں مزاحمت کی سیاست کرنی آتی ہے، جب ہمیں دیوار سے لگایا جائے گا تو دمادم مست قلندر ہوگا!” انہوں نے مزید سوال کیا کہ “سندھ کا پانی کیوں بند کیا جا رہا ہے؟” اور کہا کہ “سندھ کا مستقبل دریا سے منسلک ہے۔“
انہوں نے کالا باغ ڈیم پر پیپلز پارٹی کی تاریخی تحریک کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ “اچھا ہوتا کہ ہم عوامی مسائل پر بات کرتے، پانی کا مسئلہ کیوں متنازع انداز میں چلا رہے ہیں؟“