Welcome To Qalm-e-Sindh

ہر سال ہماری آبادی میں نیوزی لینڈ کی آبادی کے برابر اضافہ ہو رہا ہے، عطا اللّٰہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے ملک میں تیزی سے بڑھتی آبادی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال پاکستان کی آبادی میں اتنا اضافہ ہو رہا ہے جتنی نیوزی لینڈ کی مجموعی آبادی ہے۔

پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی کے بڑھتے دباؤ کے باعث صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مسلسل چیلنجز سامنے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے آبادی کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر طبقہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے قابو آبادی وسائل پر بوجھ ڈال رہی ہے، جبکہ زیادہ بچوں کی پیدائش زچہ و بچہ کی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے متوازن آبادی ناگزیر ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ زندگی کا بنیادی حق آبادی کے مسئلے سے براہ راست جڑا ہوا ہے اور قانون سازوں کو صحت و فلاح کے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ورکنگ ویمن کی شرح اب بھی خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے، جو معاشرتی مسئلہ ہے اور اسے آگاہی کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ بڑھتی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ پائیدار اقدامات کو عملی شکل دی جاسکے۔

Related Posts