بھارتی پنجابی سنیما کی تازہ ترین بلاک بسٹر فلم ’’سردار جی 3‘‘ نے پاکستان میں شائقین کے دل جیت لیے ہیں اور ریلیز کے پہلے ہی دن 4.5 کروڑ روپے کا تاریخی بزنس کر کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کی جاندار جوڑی نے نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی پنجابی فلموں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ اگرچہ بھارت میں اس فلم کو کاسٹ کے حوالے سے تنازعات کا سامنا رہا، مگر پاکستان میں اس کی زبردست پذیرائی نے ثابت کر دیا ہے کہ معیار اور ثقافت کی عکاسی کو شائقین نے بھرپور سراہا ہے۔ فلم نے سلمان خان کی مشہور فلم ’’سلطان‘‘ کا بھی پہلے دن کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا، جو فلمی صنعت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
مہنگائی اور سینما گھروں کی بندش جیسے چیلنجز کے باوجود، پاکستانی شائقین کی محبت اور فلم کی معیاری پروڈکشن نے اسے مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ہانیہ عامر نے اس کامیابی پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’آپ کی محبت نے ’سردار جی 3‘ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچایا ہے، میں اپنے تمام پاکستانی فینز کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔‘‘














