میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طفیل رند اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ جروار روڈ، مسو واہ کے قریب ان پر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ان کی میت کو ضلعی اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ حملہ آوروں تک پہنچا جا سکے۔
واقعے پر صوبہ سندھ کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں پر حملے آزادی اظہار پر حملہ تصور کیے جاتے ہیں، اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
طفیل رند ایک متحرک اور بااصول صحافی سمجھے جاتے تھے، ان کی ناگہانی موت پر صحافتی حلقوں، سول سوسائٹی اور عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔














