Welcome To Qalm-e-Sindh

کینالز منصوبے میں سیلاب کا پانی استعمال ہوگا، اس پر سندھ ہمیں ڈکٹیشن نہیں دے سکتا: عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ متنازعہ کینالز منصوبے میں صرف سیلاب کے پانی کا استعمال کیا جائے گا، اور اس حوالے سے سندھ کی جانب سے کسی قسم کی ڈکٹیشن قابل قبول نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “پیپلزپارٹی 16 سال سے سندھ میں برسر اقتدار ہے، مگر سندھ کے کسانوں کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے غلط بیانی اور سیاست کر رہی ہے۔ ہم ان کے بیانات پر خاموش نہیں رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت نہروں کی تعمیر کا عمل شروع نہیں ہوا، لیکن یہ ہرگز مطلب نہیں کہ اگر مکمل اتفاق رائے نہ ہوا تو منصوبہ ترک کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “مذاکرات دھمکیوں سے نہیں، افہام و تفہیم سے ہوتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے دوٹوک انداز میں کہا کہ “ہم سیلابی پانی کا بہتر استعمال چاہتے ہیں، اور یہ حق پنجاب کا ہے۔ سندھ ہمیں یہ نہیں بتا سکتا کہ ہم اپنے وسائل کا استعمال کیسے کریں۔

یاد رہے کہ دریائے سندھ سے چھ نئی نہریں نکالنے کے منصوبے پر سندھ بھر میں شدید احتجاج جاری ہے۔ وکلا نے سکھر کے ببرلو بائی پاس پر دھرنا دیا ہوا ہے جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان ٹریفک معطل ہو چکی ہے۔

دوسری جانب، اس معاملے پر سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے درمیان اس حساس مسئلے پر مذاکرات پر اتفاق ہوا ہے۔

Related Posts