اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جنوری میں سزا سنائی گئی تھی، مگر تاحال اپیلوں پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، حالانکہ ایسے کیسز کے فیصلے ایک ماہ میں ہو جانے چاہئیں۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا خان صاحب کی رہائی اب اگلی عید تک چلی گئی ہے؟ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جج کی چھٹی کے باعث سماعت مؤخر ہوئی، لیکن عمران خان کی رہائی جلد متوقع ہے۔ انہوں نے نیب کے بجٹ اور کم کارکردگی پر بھی تنقید کی کہ ساڑھے 7 ارب روپے کے بجٹ کے باوجود نیب نے گزشتہ سال صرف 98 ریفرنسز دائر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ججز کی تعداد بڑھائی گئی مگر زیر التوا کیسز میں کمی نہیں آ سکی، اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان رول آف لا انڈیکس میں 1996 میں 97ویں نمبر سے گر کر آج 129ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے سیاسی ماحول میں شدت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو دشمنی میں نہ بدلا جائے، اور ہر شہری کو انصاف ملنا چاہیے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔