Welcome To Qalm-e-Sindh

کچے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع، ڈاکوؤں کو نیست و نابود کریں گے: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے اعلان کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں آج سے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچے میں ایک بڑے اور فیصلہ کن آپریشن کی شروعات کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ڈاکو خود کو ناقابلِ شکست یا ’’چیمپئن‘‘ سمجھتے ہیں، ان کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، تاہم جو افراد ہتھیار ڈالنا چاہیں گے انہیں موقع فراہم کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ اس آپریشن میں فی الحال فوج کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر پنجاب پولیس کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں اب کسی بھی مقام پر حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ کچے کے علاقوں میں موجود ڈاکوؤں کو مکمل طور پر نیست و نابود کیا جائے گا۔

Related Posts