کراچی کے علاقے کورنگی 100 کوارٹر میں ٹینکر کی ٹکر سے 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ بنگالی پاڑہ میں پیش آیا جہاں کم عمر لڑکے کی شناخت فرحان کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہونا چاہتا تھا تاہم علاقہ مکینوں نے ٹینکر کو روک لیا۔ مشتعل افراد نے غصّے میں ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور گاڑی کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی۔
ڈرائیور کا موقف
گرفتار ڈرائیور نے اپنے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ بچے کو ٹینکر کی ٹکر نہیں لگی بلکہ وہ سائیکل سے گر کر ٹینکر کے پچھلے ٹائر کے نیچے آگیا۔ اس نے کہا کہ غلطی جس کی بھی ہو، لوگ ہمیشہ بڑی گاڑی کے ڈرائیور کو ہی ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ ڈرائیور کے مطابق علاقے میں رش تھا، اس لیے گاڑی کی رفتار بہت زیادہ نہیں تھی۔
رواں سال ٹریفک حادثات کی صورتحال
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں مختلف حادثات میں اب تک 807 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں سے 245 اموات ہیوی ٹریفک—بس، ٹینکر اور ٹرک—کی ٹکر سے ہوئیں۔














