کوئٹہ اور گرد و نواح میں جمعرات کی صبح زلزلے کے ہلکے مگر واضح جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ گھبراہٹ کے عالم میں اپنے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 2.8 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 23 کلومیٹر جبکہ مرکز کوئٹہ سے 75 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں کو ایک بار پھر خوف میں مبتلا کر دیا۔ لوگ ایک دوسرے سے خیریت دریافت کرتے رہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے تیزی سے پیغامات گردش کرنے لگے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں بھی مسلسل ہلکے زلزلوں کی لہر دیکھی گئی ہے، اور یکم جون سے اب تک صرف کراچی میں 30 سے زائد بار زمین لرز چکی ہے، جس پر ماہرین ارضیات نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، لیکن احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال کے لیے تیار رہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ جھٹکے معمولی نوعیت کے ہیں، تاہم زمین کی اندرونی حرکات پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بڑے زلزلے کے خطرے کی صورت میں پیشگی اقدامات کیے جا سکیں۔