سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا، جو اہلِ کشمیر کی اجتماعی خواہش اور ان کا مقدر ہے۔
انہوں نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں جموں و کشمیر یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر تحریک کے شہداء کی بے مثال بہادری اور بے لوث قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکیں۔ ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد مزید مضبوط اور منظم ہوئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اگلی صفوں کا بھی معائنہ کیا اور وہاں تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ہر سطح پر آپریشنل تیاریوں اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود فوج کا بلند حوصلہ قابلِ تحسین ہے۔ کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔














