کراچی کے علاقے سلطان آباد میں دو روز قبل پراسرار طور پر لاپتا ہونے والے کمسن بچے کی لاش گٹر سے برآمد ہوئی ہے، جس پر اہل علاقہ اور لواحقین شدید غم اور صدمے میں مبتلا ہیں۔ پولیس کے مطابق، واقعہ ڈاکس کے علاقے سلطان آباد میں پیش آیا جہاں نیو حاجی کیمپ، حبیب اسکول کے قریب گٹر لائن سے ایک بچے کی لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے۔
ریسکیو عملے کی مدد سے لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں لاش کی شناخت ابوبکر کے نام سے کی گئی، جو دو روز قبل لاپتا ہوا تھا اور اس کی گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے، تاہم ابتدائی طور پر موت کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں۔ شبہ ہے کہ بچہ کھیلتے ہوئے گٹر میں گر گیا ہو، مگر اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مجرمانہ پہلو کو رد یا ثابت کیا جا سکے۔














