کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد وائٹ کرولا گینگ کا ایک خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق تین ڈاکو ایک کار میں سوار تھے، جنہیں روکنے پر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر کے موقع سے کلاشنکوف اور استعمال شدہ کار بھی تحویل میں لے لی گئی۔ دیگر دو ڈاکو فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزم کی شناخت سہیل شکرا کے نام سے ہوئی ہے، جس پر متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس سے گینگ کے دیگر ارکان اور وارداتوں سے متعلق اہم انکشافات متوقع ہیں۔دوسری جانب، باغِ کورنگی جنگل شاہ مزار کے قریب بھی پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، اور اس نوعیت کی مزید کارروائیاں آئندہ دنوں میں بھی متوقع ہیں۔